اسلام آباد( کیو این این ورلڈ) صدر مملکت آصف علی زرداری چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔
دورے کے اختتام پر سانیا ایئرپورٹ پر کمیونسٹ پارٹی کے سینئر رہنما وانگ چیانگ نے صدر مملکت کو الوداع کیا۔ اس دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تعمیراتی مشینری، صحت اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دیگر متعلقہ حکام نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جبکہ صدر آصف علی زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سہ فریقی تعاون کے تحت سی پیک منصوبوں میں تعمیراتی مشینری اور آلات کی فراہمی کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔