گوجرانوالہ کے عوام کیلیے مریم نواز کا تحفہ، بڑے منصوبے کی منظوری دیدی

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) اہلِ گوجرانوالہ کے لیے بڑی خوش خبری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہر کے لیے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے ہر علاقے کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین سسٹم سے منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور آسان سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔

اجلاس میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے منصوبے میں دو ٹنل سیکشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ 17 سے 19 کلومیٹر ٹریک کو انڈرگراؤنڈ گزارنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

منصوبے کے تحت ہر اسٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دیا جا سکے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ماس ٹرانزٹ سسٹم روزانہ 26 لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش رکھے گا۔

گکھڑ سے ایمن آباد تک 31.5 کلومیٹر طویل اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 24 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے جن میں 2 انڈرگراؤنڈ ہوں گے۔

منصوبے کے تحت گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا میں ڈپو قائم کیے جائیں گے، جبکہ دونوں اطراف 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جو نظام کی نگرانی اور مؤثر آپریشن کو یقینی بنائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل ہوگا اور شہریوں کو جدید اور شاندار سفری نظام میسر آئے گا، جو عوام کے لیے ایک اہم تحفہ ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے