اوکاڑہ(کیو این این ورلڈ / بیوروچیف ملک ظفر )محکمہ ماحولیات کی جانب سے انسدادِ سموگ مہم کے تحت ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران ماحولیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ایک اینٹوں کا بھٹہ اور دو باربی کیو پوائنٹس سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ مزید سات بھٹوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد جہاں تاب اختر کی زیرِ نگرانی فیلڈ ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی یا ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ایک اینٹوں کے بھٹے کو سیل کر دیا، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی پر دیگر 7 بھٹوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ شہر میں باربی کیو پوائنٹس پر سکشن ہڈز (Suction Hoods) کے لازمی استعمال سے متعلق ضوابط نظرانداز کرنے پر دو باربی کیو پوائنٹس کو بھی سیل کر دیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد جہاں تاب اختر نے کہا کہ انسدادِ سموگ مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اینٹوں کے بھٹوں کے مالکان اور کاروباری افراد ماحولیاتی قوانین کی سختی سے پابندی کریں، کیونکہ فضائی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
محمد جہاں تاب اختر کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور محکمہ ماحولیات اس حوالے سے فیلڈ میں مکمل متحرک ہے تاکہ عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گی۔