گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتق علی لغاری):گھوٹکی پریس کلب کے سامنے پرائمری اساتذہ نے اپنے جائز مطالبات کی منظوری اور درپیش مسائل کے حل کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکامِ بالا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق پرائمری اساتذہ کی بڑی تعداد نے گھوٹکی پریس کلب کے باہر جمع ہو کر اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اساتذہ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصے سے درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن ہر بار محض کھوکھلی یقین دہانیوں سے کام لیا جاتا ہے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ محض باتوں اور روایتی دلاسوں کے بجائے فوری طور پر عملی اقدامات کر کے اساتذہ برادری کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔
مظاہرین نے تعلیمی حکام اور اعلیٰ حکام کی توجہ اپنے مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے مؤثر حکمتِ عملی وضع کرنے اور جائز مطالبات کو بلا تاخیر تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ اگر ان کے جائز حقوق کی فراہمی میں مزید تاخیر کی گئی تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔