اوکاڑہ(کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی دوکانوں اور فائر سیفٹی کے غیر تسلی بخش انتظامات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئی ہیں، جس کے دوران 7 مختلف مقدمات درج کروائے گئے جبکہ 3 پیٹرول پمپس کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیرِ نگرانی ٹیموں نے تحصیل اوکاڑہ اور تحصیل دیپالپور کے مختلف علاقوں میں خصوصی چیکنگ کی۔ اس دوران ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ اور فائر سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 7 افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔ مزید برآں فائر سیفٹی سلنڈرز اور حفاظتی تدابیر مکمل نہ ہونے پر 3 پیٹرول پمپس کے مالکان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے گئے۔
سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کہا ہے کہ شہریوں کی جانی و مالی حفاظت کو یقینی بنانا ادارے کی اول ترجیح ہے۔ غیر قانونی ایل پی جی فلنگ اور فائر سیفٹی میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ کاروباری افراد اور پیٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ قانونی تقاضے اور فائر سیفٹی کے ایس او پیز فوراً مکمل کریں تاکہ کسی بھی ناگوار اور خطرناک حادثے سے بچا جا سکے۔