
واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ہی تقریر کے دوران کئی مرتبہ اپنی بات بدلنے لگے، جس سے ان کی بوکھلاہٹ واضح ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند منٹوں میں صدر کے متضاد بیانات سامنے آئے۔ ایک لمحے انہوں نے امریکہ کو عظیم ملک قرار دیا اور مدد کی اپیل کی، اور اگلے ہی لمحے کہا کہ ہمیں کسی کی ضرورت نہیں۔
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمیں اتحادیوں کی مدد کی ضرورت ہے، مگر وہ جانتے ہیں کہ مدد کے لیے نہیں آئیں گے۔ چند لمحے بعد ہی کہا کہ اتحادی بہت پرجوش ہیں اور ان کی کشتیاں و سہولیات دستیاب ہیں۔
مزید کہا گیا کہ امریکہ کی فوج دنیا کی طاقتور ترین ہے اور ہمیں کسی کی ضرورت نہیں۔ ان متضاد بیانات نے سیاسی حلقوں اور میڈیا میں بحث کو جنم دیا ہے، جہاں صدر کی خودمختاری اور فیصلوں پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

تہران(کیو این این ورلڈ) ایرانی سفیر کاظم جلالی نے تصدیق کی ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے روس منتقل ہونے یا وہاں علاج کرانے کی خبریں بالکل غلط اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں سپریم لیڈر کے زخمی ہونے کی رپورٹس کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
عرب میڈیا کی جانب سے اس خبر کی رپورٹنگ کے باوجود، روسی صدارتی دفتر کریملن نے بھی اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
ایرانی سفیر نے زور دے کر کہا کہ سپریم لیڈر ایران میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ملک کی قیادت میں کسی بھی قسم کی غیر یقینی صورتحال نہیں ہے۔

تہران/بغداد/واشنگٹن(کیو این این ورلڈ) ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت سترہویں روز میں داخل ہو گئی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا، جسے ایران نے سختی سے مسترد کر دیا اور علی لاریجانی نے خود ایک پیغام جاری کیا۔ تہران میں متعدد مقامات پر دھماکے ہوئے جبکہ ایران کے جوابی حملوں نے اسرائیل میں تباہی مچادی۔
عراق میں امریکی سفارتخانے پر پھر راکٹ اور ڈرون حملے کیے گئے۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے نیٹو ارکان اور دیگر طاقتوں سے اپیل کی، مگر جاپان، جنوبی کوریا، فرانس، آسٹریلیا، جرمنی، برطانیہ اور یورپی یونین نے اپنا جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا، جس پر امریکی صدر نے شکایت کا اظہار کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز دشمنوں کے لیے بند رہے گی اور امریکا کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت یا جنگ بندی میں دلچسپی نہیں ہے۔ علی لاریجانی نے مسلم ممالک کے نام کھلا خط لکھا اور امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایران میں ہلاکتیں 1500 سے زائد، لبنان میں تقریباً 900 ہو چکی ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے دعوے کے باوجود ایرانی میڈیا نے علی لاریجانی کی شہادت کی تردید کر دی اور بتایا کہ قومی سلامتی کے سربراہ کا بیان جلد جاری کیا جائے گا۔ علی لاریجانی نے اپنے ہاتھ سے لکھے نوٹ میں ایرانی بحریہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور ایرانی مسلح افواج مضبوط ہوں گی۔
اسرائیلی فوج نے ایران کی بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم ایرانی حکام نے اسے تاحال تصدیق نہیں کی۔
عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی افواج اور ایرانی حامی گروہ آمنے سامنے آ گئے۔ امریکی حملے میں چار افراد جاں بحق اور عمارت شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی شہر اراک میں ایک ہی خاندان کے چار افراد شہید ہو گئے، جن میں نومولود اور دو سالہ بچی بھی شامل ہیں۔
قطری دارالحکومت دوحہ میں دھماکے ہوئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یو اے ای پر بھی ایران کے جوابی حملے جاری ہیں، دفاعی نظام نے کئی میزائل اور ڈرون تباہ کیے۔
اسرائیل نے لبنان کے جنوبی بیروت میں شدید فضائی حملے کیے، جس کے بعد دھوئیں کے بادل بلند ہوئے اور متعدد افراد زخمی یا شہید ہوئے۔ اسرائیل کی زمینی کارروائی بھی جاری ہے، جس کے خلاف حزب اللہ کی شدید مزاحمت جاری ہے۔
ایرانی میزائل حملوں نے اسرائیل میں کئی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ کر دیں، متعدد افراد زخمی ہوئے، اور ہلاک ہونے والے فوجیوں اور شہریوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی۔ ایران نے آپریشن "وعدہ صادق 4” کے تحت اسرائیل اور امریکی اہداف پر 57 ویں لہر کے حملے شروع کر دیے، جن میں کمانڈ اور کنٹرول مراکز، میزائل دفاعی نظام، اور مواصلاتی مراکز نشانہ بنائے گئے۔
قطر میں العدید ایئر بیس اور یو اے ای کے شاہ گیس فیلڈ پر بھی ایرانی میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جبکہ بغداد میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون و راکٹ حملے جاری ہیں۔
تہران میں متعدد دھماکے ہوئے، جن میں سعد آباد پیلس کمپلیکس کے قریب آوازیں سنی گئیں۔ شیراز، کاراج اور دیگر شہروں میں بھی فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یورپی یونین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتکاری کو ترجیح دی اور آبنائے ہرمز میں کسی بھی آپریشن میں حصہ لینے سے انکار کیا۔

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ، ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے تھانہ صدر دیپالپور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور اپنے مسائل براہِ راست پیش کیے۔
کھلی کچہری میں ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل کو بغور سنا اور فوری و قانونی حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کی دہلیز پر پہنچ کر انصاف کی فراہمی اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔
ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے ہدایت کی کہ موصولہ درخواستوں پر فوری اور میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف ملے۔ انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ اوکاڑہ پولیس عوامی خدمت، شفافیت اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد نے منشیات کے بڑے ڈیلر کو سخت سزا سناتے ہوئے اسے 20 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی ہے۔
استغاثہ کے مطابق تھانہ سٹی رینالہ خورد کی پولیس نے مارچ 2025 میں رینالہ بائی پاس سے عثمان عرف رشید، سکنہ نین والا ضلع قصور، کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 11 کلو چرس برآمد کی۔ اس کے خلاف مقدمہ نمبر 298/25 درج کیا گیا۔ تفشیشی افسر نے میرٹ پر تحقیقات مکمل کر کے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا۔
مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد، محمد مسرور انور خان کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے استغاثہ کی شواہد کی بنیاد پر مجرم کو قصوروار قرار دیا اور اسے 20 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ جرمانہ نہ ادا کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید کاٹنی ہوگی۔
ڈی پی او اوکاڑہ، ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے پولیس کی لیگل ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔


ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز):ننکانہ صاحب میں ضلعی پولیس کے 35 ملازمان کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ترقی پانے والے افسران کو باقاعدہ طور پر رینک لگائے گئے۔
تقریب میں ڈی پی او ارسلان زاہد اور ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت نے ترقی پانے والے پولیس افسران کو نئے عہدوں کے رینک لگائے، جبکہ ڈی ایس پی سپیشل برانچ عامر وحید اور ڈی ایس پی ٹریفک عاصم رضا اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی، جس سے خوشی کا سماں دوچند ہو گیا۔
ترقی پانے والوں میں 17 ہیڈ کانسٹیبل اور 18 کانسٹیبلان شامل ہیں، جنہوں نے اپنی محنت اور کارکردگی کی بنیاد پر یہ اعزاز حاصل کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او ارسلان زاہد نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ افسران محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کی قیادت میں پولیس ملازمین کی ترقی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی پانے والے افسران اپنی نئی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز):عیدالفطر کی آمد میں چند روز باقی رہ گئے ہیں مگر ننکانہ صاحب میں صفائی کا نظام سنبھالنے والے سینکڑوں محنت کش ملازمین کے گھروں میں خوشیوں کے بجائے فکر اور بے بسی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (LWMC) کے تقریباً 1300 ورکرز تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جس کے باعث ان کے بچوں کی عید بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے عید سے قبل ایڈوانس تنخواہوں کی ادائیگی کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم مقامی سطح پر مبینہ غفلت اور بدانتظامی کے باعث نہ تو ایڈوانس ملا اور نہ ہی فروری کی مکمل تنخواہ ادا کی گئی۔ کئی ورکرز کو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ تنخواہ مکمل کے بجائے جزوی طور پر دی جائے گی، جس نے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ورکرز کے مطابق گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، راشن کا حصول مشکل ہو گیا ہے اور بچوں کیلئے نئے کپڑے، جوتے اور عیدی کا انتظام کرنا خواب بنتا جا رہا ہے۔ والدین اپنے بچوں کی خواہشات پوری نہ کر پانے پر شدید ذہنی دباؤ اور شرمندگی کا شکار ہیں، جبکہ گھروں میں اداسی اور خاموشی کا راج ہے۔
صفائی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے سخت محنت کرتے ہیں مگر آج خود ان کے اپنے گھروں میں بنیادی ضروریات کا فقدان ہے۔ ان کا سوال ہے کہ کیا عید کے موقع پر ان کے بچے بھی دیگر بچوں کی طرح خوشیاں منا سکیں گے یا محرومی ہی ان کا مقدر بنے گی؟
ملازمین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے تمام واجبات بلا تاخیر ادا کیے جائیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ ان کے بچوں کی عید کی خوشیاں بحال ہو سکیں۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو وہ احتجاج اور ہڑتال پر مجبور ہوں گے، جس سے شہر کا صفائی نظام بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

لاہور (کیو این این ورلڈ) رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اور عیدالفطر کی آمد میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث ملک بھر میں عید کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ لاہور سمیت دیگر بڑے اور چھوٹے شہروں میں بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے، جہاں رات گئے تک خریداری کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور مارکیٹیں روشنیوں سے جگمگا رہی ہیں۔

عید کی تیاریوں میں سب سے زیادہ توجہ ملبوسات کی خریداری پر دی جا رہی ہے۔ خواتین نئی فیشن ٹرینڈز کے مطابق کپڑوں کا انتخاب کر رہی ہیں، جبکہ میچنگ جیولری کی تلاش میں جیولری سٹالز کا رخ بھی کیا جا رہا ہے، جہاں خوبصورت اور منفرد ڈیزائنز نے خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کر رکھا ہے۔

اسی طرح چوڑیوں کی دکانوں پر بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں رنگ برنگی اور کشمیری چوڑیاں خواتین اور بچیوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ مہندی کے سٹالز پر بھی گہما گہمی عروج پر ہے اور نوجوان لڑکیاں نت نئے ڈیزائنز لگوانے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔
بازاروں میں جوتوں، بیگز اور دیگر اشیاء کی خریداری بھی زوروں پر ہے جبکہ بچوں کے کھلونوں اور عیدی کی تیاریوں نے بھی مارکیٹوں کی رونق میں اضافہ کر دیا ہے۔ مرد حضرات بھی عید کی تیاریوں میں پیچھے نہیں، کچھ افراد نے اپنے سوٹ درزیوں کو سلائی کیلئے دے رکھے ہیں جبکہ دیگر ریڈی میڈ ملبوسات کی خریداری میں مصروف ہیں۔

خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باوجود عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود بچوں اور اہل خانہ کیلئے عید کی خوشیاں یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔
ماہرین کے مطابق عید سے قبل بازاروں میں بڑھتی ہوئی سرگرمیاں نہ صرف معاشی پہلو کو تقویت دیتی ہیں بلکہ یہ عوام کے تہوار سے جڑے جذبات اور خوشیوں کی بھی عکاسی کرتی ہیں، اور ہر سال کی طرح اس بار بھی عید کا جوش و خروش اپنے عروج پر دکھائی دے رہا ہے۔


بہاولپور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان):چیمہ بس اسٹینڈ، لاری اڈا بہاولپور میں دو افراد کے ساتھ ایک خطرناک واقعہ پیش آیا، جہاں انہیں نشہ آور چیز دے کر ان کے پیسے چھین لیے گئے۔ متاثرہ افراد فیصل آباد سے چیمہ بس سروس کے ذریعے بہاولپور آ رہے تھے کہ راستے میں کسی نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا۔
ریسکیو ٹیم BPA-38 نے فوری طور پر متاثرہ افراد کو فرسٹ ایڈ فراہم کی اور انہیں حالت غیر ہونے کے باعث بہاول وکٹوریا ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کو بھی واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے تاکہ ملزم یا ملزمان کی تلاش کی جا سکے۔
متاثرہ افراد میں سجاد علی ولد محمد بوٹا، عمر 25 سال سکنہ چک نمبر 60/ڈی بی، یزمان، اور ایک نامعلوم مرد، عمر تقریباً 25 سال ہے ، ریسکیو حکام کے مطابق ایک شخص بے ہوش تھا جبکہ دوسرا ہوش میں تھا لیکن وہ اپنا درست پتہ بتانے سے قاصر تھا۔
واقعے کے بارے میں ریسکیو حکام نے بتایا کہ شہریوں کو سفر کے دوران اس طرح کے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے، اور ضرورت ہے کہ مسافر اپنے سامان اور نقدی کے بارے میں محتاط رہیں۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ ذمہ دار ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیر بلوچ):شہر قائد میں 11 مارچ سے 16 مارچ کے درمیان ٹریفک کے جان لیوا خونی حادثات میں 19 افراد زندگی سے محروم ہوگئے، جس کے بعد رواں سال ٹریفک حادثات میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 225 تک پہنچ گئی۔ ان میں 10 افراد ہیوی گاڑیوں کے پہیوں تلے کچلے گئے۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان چوہدری شاہد کے مطابق رواں سال اب تک 162 مرد، 31 خواتین، 23 بچے اور 9 بچیاں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 2,254 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 1,768 مرد، 363 خواتین، 90 بچے اور 33 بچیاں شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ہیوی گاڑیوں سے 76 افراد جان سے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ 36 حادثات ٹریلر کی ٹکر سے ہوئے، جب کہ واٹر ٹینکر سے 21، بس کی ٹکر سے 8، مزدا کی ٹکر سے 7 اور ڈمپر کی ٹکر سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ترجمان نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے افسران قوانین پر عملدرآمد کے دعوے کرتے ہیں، لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہری ہیوی ٹریفک اور دیگر نامعلوم گاڑیوں کے خطرناک پہیوں کا شکار ہو رہے ہیں، جس سے خواتین، بچے اور بچیاں بھی محفوظ نہیں۔