پشاور: گورنر فیصل کریم کنڈی کا مرکزِ جماعت اسلامی کا دورہ، صوبائی مسائل اور حقوق پر مشترکہ جدوجہد پر زور

پشاور(کیو این این ورلڈ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں جماعت اسلامی کے صوبائی مرکز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم اور دیگر مرکزی و صوبائی قیادت سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان، امیر وسطی اضلاع عبدالواسع، امیر ہزارہ ڈویژن عبدالرزاق عباسی، سابق رکن قومی اسمبلی صابر حسین اعوان سمیت دیگر سینئر قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، امن و امان کی حالتِ زار، گورننس کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

گفتگو کے دوران صوبائی دارالحکومت پشاور میں نکاسیٔ آب کی ابتر صورتحال، شہری سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہے، کیونکہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پولیس شہداء کے لواحقین کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور جنوبی اضلاع کی بنجر زمینوں کو آباد کر کے صوبے کی غذائی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی کے شعبے کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کی جدید تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔

بجلی کے خالص منافع، قومی مالیاتی کمیشن (NFC) ایوارڈ اور دیگر وفاقی حقوق کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ معاملے صوبے کے مستقبل سے جڑے ہیں، لہٰذا ان حقوق کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں جماعت اسلامی سے تعاون اور حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی و سماجی حلقوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے