ڈیرہ غازی خان: بستی ماڑھا میں پولیس مقابلہ، ایس ایچ او اور کانسٹیبل زخمی، ڈاکو تین موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار

ڈیرہ غازی خان(کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مجاہداقبال کھوسہ ) بستی ماڑھا میں تھانہ دراہمہ کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران فائرنگ سے ایس ایچ او دراہمہ عرفان مصطفیٰ اور کانسٹیبل خادم زخمی ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ مقابلے کے دوران ڈاکو ڈکیتی کی واردات میں چھینے گئے موٹر سائیکل سمیت تین موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بستی ماڑھا، علاقہ تھانہ دراہمہ میں ڈکیتی کی واردات کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او دراہمہ عرفان مصطفیٰ پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ پولیس کی آمد پر ڈاکوؤں نے ایک گھر میں پناہ لے لی، جس کے بعد پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

فائرنگ کے دوران ایس ایچ او دراہمہ عرفان مصطفیٰ اور کانسٹیبل خادم زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے ہسپتال پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

پولیس مقابلے کے دوران ملزمان اپنے تین موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن میں ڈکیتی کی واردات میں چھینا گیا موٹر سائیکل بھی شامل ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی ایس پی موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کارروائی کی نگرانی شروع کر دی۔

فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ ان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے