چیک پوسٹ پر یلغار کی کوشش ناکام، فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خودکش بمبار سمیت چار خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ان کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور گاڑی کو چیک پوسٹ کے احاطے میں داخل ہونے سے پہلے ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خودکش بمبار موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ چیک پوسٹ اور اہلکار کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حملے میں شامل دیگر تین دہشت گرد قریبی عمارت میں پناہ لینے میں کامیاب ہوگئے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا اور علاقے کو محفوظ بنا لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس پوری کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ ہر قسم کے خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان اور ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے