اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر): انجمن تاجران کے مرکزی دفتر میں ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب محمد شفیق احمد کی صدارت میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کو درپیش مسائل، سرکاری محکموں کی غفلت یا نااہلی کے خلاف داد رسی اور صوبائی محتسب کے ادارے کے ذریعے فوری اور بلا معاوضہ انصاف کے حصول کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب محمد شفیق احمد نے کہا کہ صوبائی محتسب پنجاب کا ادارہ عوام الناس کو سرکاری دفاتر میں بدانتظامی، بلاجواز تاخیر اور ناانصافی کے خلاف فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام شہری کو اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، اسی مقصد کے پیش نظر آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ اپنے حقوق اور شکایت درج کروانے کے آسان طریقہ کار سے باخبر ہو سکیں۔
اس موقع پر شہریوں اور تاجر برادری کی جانب سے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق درپیش مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی، جس پر ایڈوائزر صوبائی محتسب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ شعبہ جات کے ذریعے ان کے پائیدار حل کے لیے موقع پر ہی رہنمائی فراہم کی اور قانونی طریقہ کار سے آگاہ کیا۔