اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)حکومت نے سال 2026-27 کے لیے 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گندم کی خریداری اور درآمد کے انتظامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور طے شدہ مقدار میں درآمدی عمل بلا تاخیر شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی توثیق اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے انتظامات پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملکی مارکیٹ کی صورتحال، قومی سطح پر گندم کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور عوام کو بنیادی غذائی ضرورت مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ ضروری غذائی اشیاء کی دستیابی اور مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پہلے سے طے شدہ مقدار میں گندم کی درآمد کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جائے تاکہ ملک میں گندم کی مسلسل فراہمی برقرار رکھی جاسکے۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام صوبوں میں گندم مناسب قیمتوں پر دستیاب ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر گندم کی مزید درآمد پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ قومی ضروریات کے مطابق ذخائر کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔
اسحاق ڈار نے گندم کی ترسیل کے مؤثر انتظامات اور متعلقہ وزارتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سپلائی چین میں گندم کی وافر دستیابی برقرار رہنی چاہیے اور مارکیٹ میں کسی قسم کا خلل پیدا نہیں ہونا چاہیے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء برائے قانون و انصاف اور قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سندھ کے وزیر خوراک، معاون خصوصی طارق باجوہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔