رحیم یار خان (کیو این این ورلڈ)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں کو مفاہمت اور تعاون کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے اختلافات بھلا کر عوامی مسائل کے حل کے لیے مقابلہ کرنا چاہیے۔ اگر سیاسی جماعتیں باہمی رضامندی سے کام کریں تو کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔
رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی کھینچا تانی جاری رہی تو اس کا نقصان عوام کو ہوگا۔ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، اس لیے نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت تمام اہم معاملات باہمی رضامندی سے آگے بڑھائے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمارے بڑوں نے غلطیاں کیں، تاہم ان غلطیوں سے سیکھا بھی۔ میثاقِ جمہوریت کے بعد اب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کی سازش نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں تو ہر مشکل کا راستہ نکالا جاسکتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ایس آئی یو ٹی منصوبے کو جاری رکھنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہونے کے بعد سابقہ حکومتوں کے شروع کیے گئے منصوبے بھی بند ہوجاتے تھے، لیکن اب ایس آئی یو ٹی منصوبہ جاری ہے کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کی روایت قائم کی ہے اور وہ بھی اس روایت کو برقرار رکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے عوام کی خدمت کو ترجیح دیں تو ملک اور عوام کے لیے بہتر انداز میں کام کیا جاسکتا ہے۔