منڈی بہاؤالدین: آبادی کے بیچ شہر بھر کا کوڑا، شفقت آباد تعفن کی لپیٹ میں،شہری بیماریوں کے خطرات سے پریشان

منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ / جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی)منڈی بہاؤالدین میں ستھرا پنجاب منصوبہ انتظامی مشکلات کا شکار ہو گیا، محلہ شفقت آباد میں آبادی کے قریب شہر بھر کا کوڑا جمع ہونے سے اہل علاقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ کوڑے کے ڈھیروں سے بدبو اور تعفن پھیلنے لگا ہے، جبکہ شہریوں نے بیماریوں کے خطرات بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

محلہ شفقت آباد مین گلی نمبر دو کے سامنے ریلوے لائن کے ساتھ آبادی کے قریب کوڑا کرکٹ جمع کیا جا رہا ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے کوڑا لا کر یہاں پھینکا جاتا ہے، جس کے باعث رہائشیوں کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کوڑے سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن نے علاقے کا ماحول متاثر کر دیا ہے، جبکہ شہریوں کو خدشہ ہے کہ اس صورتحال سے مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب منصوبے کے تحت صفائی کا انتظام کرنے والے ٹھیکیدار کا کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد وہ کام چھوڑ کر چلا گیا، جس کے بعد صفائی کا نظام براہ راست ڈپٹی کمشنر کے ماتحت جبکہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کی نگرانی میں ہے۔ تاہم ٹھیکیدار کی روانگی کے بعد کوڑا جمع کرنے اور اسے مناسب جگہ منتقل کرنے کے انتظامات کے حوالے سے مشکلات سامنے آ رہی ہیں۔

اہل علاقہ کے مطابق آبادی کے قریب شہر بھر کا کوڑا جمع کرنا شہریوں کے لیے سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ رہائشیوں نے سوال اٹھایا ہے کہ صفائی کے منصوبے کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے، لیکن آبادی کے قریب کوڑے کے بڑے ڈھیر جمع ہونے سے اس مقصد کے حصول میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

شفقت آباد کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آبادی کے قریب کوڑا جمع کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور شہر بھر کا کوڑا کسی مناسب، محفوظ اور آبادی سے دور جگہ پر منتقل کیا جائے۔

اہل علاقہ نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، کوڑے کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو تعفن، آلودگی اور بیماریوں کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے