گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے ویپ اور شیشہ ہولڈرز فروخت کرنے والے دو دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے الیکٹرک ویپ، شیشہ ہولڈرز اور دیگر ممنوعہ سامان بھاری مقدار میں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت طحہٰ اور عمر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کی کارروائی کے بعد سی پی او گوجرانوالہ محمد صہیب اشرف نے کہا ہے کہ ویپ کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی پی او محمد صہیب اشرف کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے ویپ اور شیشہ کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر اور سخت قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ممنوعہ سامان کی خرید و فروخت روکنے اور نوجوانوں کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔