میہڑ کے قریب مانکانی لنک روڈ پر مسلح ڈاکوؤں کی واردات، کار پر فائرنگ سے 4 افراد زخمی

میہڑ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار عامر علی)میہڑ کے قریب تھرڑی محبت تھانے کی حدود میں مانکانی لنک روڈ پر نامعلوم مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی کوشش کے دوران فائرنگ سے ایک بچے سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے کار روکنے کی کوشش کی، تاہم ڈرائیور کی جانب سے گاڑی نہ روکنے پر مسلح افراد نے کار پر براہِ راست فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں کار ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کار سڑک کنارے کھائی میں جا گری، جس کے باعث گاڑی میں سوار چاروں افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے تعلقہ ہسپتال میہڑ منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق زخمیوں کا تعلق گاؤں ولی محمد گورڑ سے ہے۔ زخمیوں میں تین سگے بھائی شفیق گورڑ، جانی گورڑ اور رضوان گورڑ، پسران حاجی شہزادہ گورڑ، شامل ہیں، جبکہ شفیق گورڑ کا معصوم بیٹا فرحان بھی فائرنگ اور حادثے کے نتیجے میں زخمی ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی کے بعد تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس کی جانب سے نامعلوم مسلح ملزمان کی تلاش اور واقعے کے محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مانکانی لنک روڈ پر پیش آنے والے اس واقعے نے علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ شہریوں نے مسلح ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائی اور شاہراہوں پر تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے