ڈی جی خان میں کھاد سرکاری نرخوں پر نایاب، محکمہ زراعت کی کارکردگی پر سوالات

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ)ڈیرہ غازی خان میں محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے، مختلف علاقوں میں کھاد کی سرکاری نرخوں پر عدم دستیابی اور من مانے داموں فروخت کی شکایات سامنے آنے کے بعد کاشتکار شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کھاد کے نرخ مقرر کیے جانے کے باوجود انہیں مقررہ قیمتوں پر کھاد نہیں مل رہی، جبکہ دکانوں پر زائد قیمتیں وصول کیے جانے کی شکایات عام ہیں۔

دراہمہ، سبزی منڈی، سروروالی، پاکستان (جہاز) چوک گیدڑ والا اور ملتان روڈ کے مختلف علاقوں میں کاشتکاروں کو سرکاری نرخوں پر کھاد کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کھاد کی عدم دستیابی اور مہنگے داموں فروخت کے باعث کسانوں کی پیداواری لاگت میں اضافے کا خدشہ ہے، جس سے فصلوں کی کاشت متاثر ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مقامی کاشتکاروں کے مطابق کھاد کی سرکاری قیمتیں مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں ان نرخوں پر دستیابی یقینی نہیں بنائی جا رہی۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر کھاد وافر مقدار میں مارکیٹ میں موجود ہے تو پھر انہیں سرکاری نرخوں پر خریداری سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے؟

اس حوالے سے کاشتکار حاجی محمد سعید گندی نے سرکاری شکایتی نمبر 0649260143 پر رابطہ کرکے مذکورہ علاقوں میں سرکاری نرخوں پر کھاد کی عدم دستیابی کی شکایت کی۔ شکایت کے جواب میں آپریٹر کی جانب سے مزمل ملغانی کا رابطہ نمبر 03377679776 فراہم کیا گیا، جو شکایت کنندہ کے مطابق محکمہ زراعت میں کلرک ہیں۔

کاشتکار کا کہنا ہے کہ متعلقہ اہلکار سے رابطہ کرنے پر انہیں بتایا گیا کہ مارکیٹ میں کھاد وافر مقدار میں موجود ہے، تاہم سرکاری نرخوں پر دستیابی کا مسئلہ برقرار ہے۔ شکایت کنندہ کے مطابق انہیں کوئی واضح کارروائی یا مسئلے کے حل کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی، جس پر انہوں نے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ذرائع کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ محکمہ زراعت کے بعض اہلکار کھاد ڈیلروں کے ساتھ مبینہ طور پر ملی بھگت کرکے افسران کو صورتحال کے حوالے سے درست معلومات فراہم نہیں کر رہے اور ریکارڈ میں سب اچھا ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کھاد کے سرکاری نرخ مقرر کرتی ہے تو متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ ان نرخوں پر کھاد کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ صرف نرخ مقرر کرنا کافی نہیں، بلکہ مارکیٹ میں ان پر عمل درآمد اور کسانوں کو بروقت کھاد کی دستیابی بھی ضروری ہے۔

کاشتکاروں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دراہمہ، سروروالی، جہاز چوک گیدڑ والا، سبزی منڈی اور ملتان روڈ سمیت متاثرہ علاقوں میں کھاد کی دکانوں کی فوری چیکنگ کی جائے، سرکاری نرخوں پر کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

کسانوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب کھاد کے سرکاری نرخ مقرر ہیں تو پھر انہیں انہی نرخوں پر کھاد کیوں نہیں مل رہی؟ متعلقہ حکام اس صورتحال کا نوٹس لے کر کسانوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کریں۔

جب اس سلسلے میں ڈائریکٹر زراعت غلام محمد بزدار سے ان کے موبائل فون پر مؤقف کیلئے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو یہ آواز سنائی دی گئی "The number you have dialed is not accessible at the moment.”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے