رینجرز اہلکار عبدالقیوم قتل کیس، ذاتی دشمنی میں ملوث ملزم قانون کی گرفت میں

کراچی (کیو این این ورلڈ)کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اہلکار کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ساحل واقعے کے بعد بلوچستان فرار ہو گیا تھا، تاہم کامیاب کارروائی کے دوران اسے حراست میں لے لیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم ایک پولیس افسر کا بیٹا ہے اور رینجرز اہلکار کے قتل کی وجہ ذاتی عناد تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے مبینہ طور پر مکمل منصوبہ بندی اور ریکی کے بعد واردات کو انجام دیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ رینجرز اہلکار عبدالقیوم کو 18 جولائی کو لیاری میں فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا تھا، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے اور تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے