سمبڑیال پولیس کی کارروائی، اغوا شدہ خاتون اور بچہ بحفاظت بازیاب، ملزم گرفتار

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) تھانہ سمبڑیال پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اغوا شدہ خاتون اور اس کے کمسن بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ اغوا میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سمبڑیال کے رہائشی محمد مشتاق کی بیٹی ایمان فاطمہ اور اس کے کمسن نواسے علی شیر کو نامعلوم ملزم نے اغوا کر لیا تھا، جس پر واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور مغویوں کی جلد بازیابی کے احکامات جاری کیے۔

ڈی ایس پی سمبڑیال سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال سب انسپکٹر سرمد فیاض اور سب انسپکٹر تنزیل نے پولیس ٹیموں کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ضلع راجن پور کے علاقے سے خاتون اور بچے کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔

پولیس نے کارروائی کے دوران اغوا کار ملزم دلاور کو بھی گرفتار کر لیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اغوا کے پس منظر اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس فریضے کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے