بھارت: پچپدرا ریفائنری میں بڑے منصوبے سے پہلے حادثہ، سیاہ دھوئیں کے بادل

راجستھان (کیو این این ورلڈ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے افتتاح سے محض ایک روز قبل راجستھان کے ضلع بالوترا کے علاقے پچپدرا میں قائم ریفائنری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے بڑے صنعتی منصوبے کی تیاریوں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق آگ ریفائنری کے کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ (سی ڈی یو) سیکشن میں لگی، جس کے باعث موقع پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ریفائنری بھارت کا پہلا گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری-کم-پیٹروکیمیکل کمپلیکس ہے، جو ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ اور حکومتِ راجستھان کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف ایندھن کی پیداوار بلکہ پیٹروکیمیکل مصنوعات کی بڑی مقدار تیار کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

اس منصوبے کا سنگ بنیاد 22 ستمبر 2013 کو سونیا گاندھی نے رکھا تھا، جس کی ابتدائی لاگت 37 ہزار 230 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی تھی، تاہم بعد ازاں 16 جنوری 2018 کو وزیراعظم نریندر مودی نے اس منصوبے کا دوبارہ آغاز کیا اور اس کی لاگت بڑھا کر 43 ہزار 129 کروڑ بھارتی روپے کر دی گئی۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی اور تکنیکی پہلوؤں پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے اور صورتحال کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے