کراچی (کیو این این ورلڈ/ڈاکٹربشیراحمدبلوچ) شہر قائد میں مختلف واقعات میں جرائم کی سنگینی ایک بار پھر سامنے آگئی، جہاں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، ایک رکن قومی اسمبلی کی بیٹی اندھی گولی کا نشانہ بن گئی جبکہ پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 8 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے قریب دھنی بخش گوٹھ میں شادی کی تقریب کے دوران رشتہ داروں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی جسے وقتی طور پر ختم کرا دیا گیا، تاہم اگلے روز ایک فریق نے دوسرے کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں جلال گل اور بہرام گل جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واصف نامی ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب گلشن اقبال بلاک 7 میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محسود کی 18 سالہ بیٹی ماہ نور مبینہ طور پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا تاہم بعد ازاں تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ انہیں گولی لگی تھی، جسے اہل خانہ نے اندھی گولی قرار دیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نماز جنازہ میں اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ادھر ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تیموریہ تھانے کی حدود میں باپ بیٹے کی سربراہی میں چلنے والے 8 رکنی اسٹریٹ کرمنل گروہ کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے اور رات کے اوقات میں شہریوں کو لوٹتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز، شناختی کارڈز، گھڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں سے موبائل چھیننے کے ساتھ ان کے بینکنگ ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کرتے تھے اور لوٹے گئے موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی تبدیل کر کے فروخت کرتے تھے۔