سکرنڈ: صحافی کے بیٹے کے مبینہ اغوا پر تشویش، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

سکرنڈ (کیو این این ولڈ/ راجا نورمحمد جتوئی) سکرنڈ کے صحافی اور سندھ پریس کلب سکرنڈ کے رکن علی بہار ملاح کے نوجوان بیٹے حسنین ملاح کے مبینہ اغوا کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق صحافی علی بہار ملاح نے بتایا کہ ان کا بیٹا حسنین ملاح اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ کسی کام کے سلسلے میں گیا ہوا تھا۔ ان کے بقول نیا پل جلالانی پمپ کے قریب نامعلوم نقاب پوش افراد نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر حسنین ملاح کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

علی بہار ملاح کے مطابق اغوا کاروں نے حسنین ملاح کے ساتھ موجود ان کے چھوٹے بھائی کو موقع پر ہی چھوڑ دیا، جبکہ حسنین ملاح کو اپنے ساتھ لے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکرنڈ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

ادھر صحافتی، سماجی اور شہری حلقوں نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ حسنین ملاح کی جلد اور محفوظ بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے