میرپور ڈویژن میں انتخابی سیکیورٹی پلان مکمل، فوج اور پولیس کے ہزاروں اہلکار الرٹ

میرپور، آزاد کشمیر (کیو این این ورلڈ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے مجموعی طور پر 17 ہزار پولیس افسران و اہلکار میرپور ڈویژن پہنچا دیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب پولیس کے 14 ہزار افسران اور اہلکار انتخابی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ ان میں 5 ہزار ہائی وے پولیس، 3 ہزار اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار، 900 پنجاب کانسٹیبلری اور 5 ہزار 100 ضلعی پولیس کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔

اسی طرح سندھ پولیس کے 2 ہزار، خیبر پختونخوا پولیس کے 500، بلوچستان پولیس کے 200 جبکہ گلگت بلتستان پولیس کے 100 اہلکار بھی انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی پلان کے تحت میرپور ڈویژن کے مختلف اضلاع میں اہلکاروں کی تعیناتی مکمل کر دی گئی ہے۔ میرپور کے تین انتخابی حلقوں میں 4 ہزار 800، کوٹلی کے 6 حلقوں میں 8 ہزار 300 جبکہ بھمبر کے تین حلقوں میں تقریباً ساڑھے 4 ہزار اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے 2 ہزار 100 اہلکار بیک اپ فورس کے طور پر موجود رہیں گے۔

میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 316 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 1 ہزار 965 پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ضلع کوٹلی کے 1 ہزار 235 پولنگ اسٹیشنز میں سے 438 حساس اور 323 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، جبکہ ضلع بھمبر کے 608 پولنگ اسٹیشنز میں سے 250 کو انتہائی حساس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے