گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) مقامی عدالت کے سیکشن سول جج منظور خان دھاریجو نے چار افراد کو زخمی کرنے کے مقدمے کا اہم فیصلہ سناتے ہوئے سات ملزمان کو مجرم قرار دے کر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان آصف علی چانڈیو، منور علی، علی انور، نثار چانڈیو، صدام حسین، محمد ایوب اور جناب چانڈیو سمیت ساتوں افراد کو 3،3 سال قید اور 10،10 ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔ عدالتی فیصلہ سامنے آتے ہی پولیس نے تمام مجرمان کو حراست میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سینٹرل جیل سکھر منتقل کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ لرزہ خیز واقعہ گاؤں محمود خان چانڈیو میں سنگاوتی کے دیرینہ جھگڑے کے دوران پیش آیا تھا، جس میں مخالفین کی جانب سے مبینہ حملے کے نتیجے میں رحیم بخش چانڈیو، ساجد علی، مسمات سوناری اور مسمات حسینہ چانڈیو شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس افسوسناک واقعے کا مقدمہ مقتولین اور زخمیوں کے قریبی رشتہ دار منتھر چندیو کی مدعیت میں 27 دسمبر 2025 کو اے سیکشن تھانہ گھوٹکی میں درج کیا گیا تھا، جس پر عدالت نے تمام گواہان اور بیانات کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ صادر کیا۔