آندل سندرانی کے گاؤں نور محمد شر میں خونریز تصادم

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) آندل سندرانی تھانے کی حدود میں واقع گاؤں نور محمد شر میں زمین کی ملکیت کے تنازع پر شر برادری کے دو گروہوں کے درمیان پرانا اختلاف اچانک شدت اختیار کر گیا، جو بعد ازاں خونریز جھگڑے اور اندھا دھند فائرنگ میں تبدیل ہو گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے راشد شر نامی شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ فائرنگ کی آوازوں سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کے فوری بعد مقامی افراد کی اطلاع پر آندل سندرانی پولیس بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال گھوٹکی منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم مکمل کرنے کے بعد مائیت کو آبائی گاؤں کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ ہولناک واقعہ زمین کی ملکیت کے دیرینہ تنازع کا شاخسانہ ہے، تاہم تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ممکنہ ملزمان کی نشاندہی کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔ علاقے میں تاحال کشیدگی برقرار ہے جس کے باعث سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے