رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)تھانہ ستگھرہ کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کر دیا جبکہ مقتول کی لاش فصلِ کماد میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش تحویل میں لے لی اور شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ستگھرہ کے علاقے میں نامعلوم قاتلوں نے حیدر سلطان نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ملزمان واردات کے بعد مقتول کی نعش قریبی کماد کے کھیت میں پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ستگھرہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر نعش کو اپنی تحویل میں لیا جبکہ کرائم سین یونٹ نے موقع سے اہم شواہد اور فرانزک مواد اکٹھا کیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی نعش قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ قتل کے محرکات اور ملزمان کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی جبکہ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔