پیرا فورس شہریوں سے حسنِ سلوک یقینی بنائے، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی: احمد سلیم چشتی

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اوکاڑہ احمد سلیم چشتی نے پیرا فورس کے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انفورسمنٹ کارروائیوں کے دوران شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک، نرمی اور وقار کے ساتھ پیش آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بدتمیزی یا فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت پیرا فورس رینالہ خورد کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد صائمہ نذیر، انفورسمنٹ افسران اور دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیرا فورس کی مجموعی کارکردگی، انفورسمنٹ کارروائیوں اور عوامی شکایات سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احمد سلیم چشتی نے کہا کہ پیرا فورس کا مقصد صرف قوانین پر عمل درآمد کروانا نہیں بلکہ عوام کو سہولت، رہنمائی اور تعاون فراہم کرنا بھی ہے۔ انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ کارروائیوں کے دوران شہریوں کے ساتھ شائستگی، برداشت اور احترام پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے تاکہ عوام اور اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ بدتمیزی، اختیارات کے ناجائز استعمال یا ضابطہ اخلاق کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح فرائض کی انجام دہی میں غفلت، غیر ذمہ دارانہ طرز عمل یا منفی رویے کا مظاہرہ کرنے والے اہلکار بھی احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ انفورسمنٹ کے دوران قانون کی پاسداری کے ساتھ ساتھ عوام کی عزت نفس اور بنیادی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کا ہر اہلکار شہری دوست رویہ اپنائے اور اپنے کردار سے سرکاری اداروں کا مثبت تشخص اجاگر کرے۔

اجلاس کے اختتام پر پیرا فورس کے افسران اور اہلکاروں نے عوامی خدمت، قانون کی مؤثر عملداری اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کے عزم کا اظہار کیا۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
کیو این این ورلڈ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے