رینالہ خورد( کیو این این ورلڈ / نامہ نگار) جعفر اسپورٹس اسٹیڈیم اینڈ جمنازیم میں کھیلوں کے فروغ، بالخصوص فٹ بال کی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں کے فٹ بال کلبز کے عہدیداران اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
سیمینار میں تحصیل رینالہ خورد، اوکاڑہ اور دیپالپور سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کلبز کے نمائندوں اور رینالہ خورد کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر فٹ بال کے کھیل کو نچلی سطح پر فروغ دینے، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے فٹ بال کے شعبے میں کھلاڑیوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کرکے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو بھی نکھارا جا سکتا ہے۔
سیمینار کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فٹ بال سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے کھیل کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ ضلع اوکاڑہ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آسکیں اور وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و علاقے کا نام روشن کر سکیں۔