اوکاڑہ: سموگ سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک کی تقسیم، سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ اور صفائی مہم جاری

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت سموگ کے تدارک، فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ کی خصوصی صفائی و آگاہی مہم جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی ہدایات پر شہر کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے ساتھ سموگ سے بچاؤ کے لیے آگاہی سرگرمیاں بھی انجام دی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں، تاجروں، طلبہ اور عوامی مقامات پر موجود افراد میں فیس ماسک اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے انہیں سموگ کے مضر اثرات، احتیاطی تدابیر اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔

سموگ کی شدت میں کمی اور گردوغبار پر قابو پانے کے لیے شہر کی مختلف سڑکوں پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، جبکہ مکینیکل سویپنگ، مکینیکل روڈ واشنگ، مینول سویپنگ، ڈرین کلیننگ، ویسٹ کنٹینر لفٹنگ اور دیگر صفائی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

ستھرا پنجاب ایجنسی کے متعلقہ افسران کی زیر نگرانی فیلڈ ٹیمیں مختلف علاقوں میں صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے متحرک ہیں۔ ڈسٹرکٹ مینیجر علی رضا، سارکو مینجنگ ڈائریکٹر ملک حسن سردار، پروجیکٹ مینیجر محمد رضوان ظفر اور تحصیل مینیجر ارسلان احمد کی نگرانی میں عملہ صفائی اور مشینری کے ذریعے سڑکوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

سارکو انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں، فیس ماسک استعمال کریں، کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ستھرا پنجاب ایجنسی نے تحصیل بھر کو صاف، سرسبز اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے صفائی و آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے