سرگودھا (ملک شاہنواز جالپ سے) سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ پلانز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ سی ای او مخدوم ارسلان حیدر ہاشمی کی ہدایت پر ریڈ زون سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کے بلڈنگ کنٹرول سیل اور انفورسمنٹ ٹیموں نے احمد جی ٹاؤن، غفور ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، چک نمبر 78 اور باجوہ کالونی میں کارروائیاں کیں۔ اس دوران بلڈنگ پلانز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی جانے والی تعمیرات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ان کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام، منظور شدہ بلڈنگ پلانز پر عمل درآمد یقینی بنانا اور شہری علاقوں میں تعمیراتی نظم و ضبط برقرار رکھنا ہے۔
اس موقع پر سی ای او مخدوم ارسلان حیدر ہاشمی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہری تعمیرات کے حوالے سے مقررہ ضوابط کی پابندی یقینی بنانا اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنا کنٹونمنٹ بورڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔