قصور (کیو این این ورلڈ /بیوروچیف طارق نوید سندھو ) دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پیرا فورس اور پیٹرولنگ پولیس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بس میں پھنسے جاں بحق اور زخمی مسافروں کو نکالا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس ملتان سے قصور جا رہی تھی کہ پاکپتن کے علاقے دیپالپور روڈ پر ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ مسافر بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور متعدد مسافر اس کے ملبے میں پھنس گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران بس میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کرین سمیت بھاری مشینری استعمال کی گئی۔ ریسکیو آپریشن تقریباً تین گھنٹے جاری رہا، جس کے بعد جاں بحق افراد اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے چھ افراد کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں مزید طبی امداد کے لیے ساہیوال اسپتال ریفر کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاکپتن منتقل کیا گیا۔
حادثے کے پیش نظر ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور طبی عملے کو طلب کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ تمام زخمیوں کو فوری، معیاری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔