کندھ کوٹ میں اساتذہ کا احتجاج، کراچی پولیس کے مبینہ تشدد کی مذمت، اہلکاروں کی برطرفی کا مطالبہ

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار وقاراحمد اعوان ) کراچی میں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے اساتذہ پر پولیس کی جانب سے مبینہ بے رحمانہ تشدد کے خلاف کندھ کوٹ میں اساتذہ نے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ احتجاج کے دوران اساتذہ نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے اور اساتذہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

احتجاج کرنے والے اساتذہ کا کہنا تھا کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر و ترقی اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے ضامن ہوتے ہیں، لیکن افسوس کہ کراچی میں اپنے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے اساتذہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ استاد کا احترام ہر مہذب معاشرے کی بنیادی پہچان ہے اور اساتذہ کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اساتذہ نہ صرف نئی نسل کی تعلیم و تربیت کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں شعور، برداشت اور ذمہ داری کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کیا جانا چاہیے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پیش آنے والے واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

کندھ کوٹ میں اساتذہ نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کے ذریعے واضح کیا کہ اساتذہ کی عزت، وقار اور جائز حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے