ہزارہ موٹروے پر بس اور ڈمپر میں تصادم، کلورکوٹ میں ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، خواتین اور بچوں سمیت ہلاکتیں

کیو این این ورلڈ: ایبٹ آباد اور کلورکوٹ میں دو مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ایبٹ آباد میں ہزارہ موٹروے پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں8 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے، جبکہ کلورکوٹ کے علاقے ہیتو خسرو روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے دو خواتین اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایبٹ آباد میں حویلیاں انٹرچینج کے قریب ہزارہ موٹروے پر مسافر بس ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ مسافر بس گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ اترائی کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بس کا ٹائر پھٹنے یا بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، تاہم حادثے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی نعشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ایوب میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مسافروں کا تعلق گلگت سے تھا۔

دوسری جانب کلورکوٹ کے علاقے ہیڈ بالی اڈا کے قریب ہیتو خسرو روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد خواتین اور بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر سوار افراد ٹانک سے سرگودھا جا رہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پٹرولنگ پولیس قریشیانوالہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس اہلکاروں نے زخمیوں کو ٹریکٹر ٹرالی سے نکالنے میں مدد کی، جس کے بعد تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دونوں حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے