باڑہ میں تعلیمی سپورٹس گالا کا آغاز، فٹبال، کرکٹ، والی بال اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہوں گے

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی ہدایات پر ضلعی محکمہ تعلیم خیبر کے زیر اہتمام سپورٹس گالا و ادبیات 2026 کا رنگا رنگ افتتاح سپین قبر چوک باڑہ میں کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں محکمہ تعلیم کے افسران، علاقائی مشران، مختلف سرکاری سکولوں کے پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز، اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر زاہد خان نے فٹبال کو کک لگا کر سپورٹس گالا و ادبیات 2026 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر باڑہ ڈاکٹر شیرزمان آفریدی نے سپورٹس گالا میں شامل مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے 6 نومبر سے شروع ہوکر 18 نومبر تک باڑہ تحصیل کے پانچ مختلف گراؤنڈز میں جاری رہیں گے، جن میں تقریباً 2600 طلباء حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس گالا میں فٹبال، کرکٹ، والی بال اور بیڈمنٹن سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ادبی مقابلے 25 نومبر کو ہوں گے، جن میں تقریری مقابلے، تلاوت اور نظموں سمیت دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ گالا کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے تقسیم انعامات کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد خان، سپورٹس سیکرٹری خیبر پرنسپل محمد عالم خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد آصف خان، سابق پرنسپل ہائی سکول حصارہ نواب گل آفریدی اور سابق ویلج چیئرمین جاوید خان آفریدی سمیت دیگر شرکاء نے سپورٹس گالا کے منظم انعقاد پر سب ڈویژن ایجوکیشن آفس باڑہ کی کاوشوں کو سراہا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کھیلوں اور ادبی سرگرمیوں کا انعقاد طلباء کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس سے بچوں میں خود اعتمادی، مثبت مقابلے کا رجحان اور باہمی رابطہ کاری کو فروغ ملتا ہے، جبکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع بھی میسر آتے ہیں۔

اس موقع پر سابق پرنسپل نواب گل آفریدی نے سپورٹس گالا کے انتظامات کے لیے ایس ڈی او باڑہ آفس کو 10 ہزار روپے نقد عطیہ دیا، جبکہ قاضی عبدالکریم نے بھی 2 ہزار روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے رقم موقع پر ہی حوالے کردی۔

افتتاحی تقریب میں ADEO سپورٹس خیبر طاہر خان، ADEO پرائمری فضل منان، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر باڑہ حاجی خیر محمد، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر باڑہ خان فراز، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول عالم گودر خمس الحق، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول مواز کلے گلاب گل، وائس پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول کوہی شیر حیدر مشرف خان اور دیگر شخصیات نے بھی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔

تقریب میں قوم سپاہ کی تین ویلج کونسلز کے اہلکاروں نے ویلج سیکرٹریز کے ہمراہ شرکت کی اور گراؤنڈ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات میں بھی تعاون کیا۔ محکمہ تعلیم باڑہ کے حکام اور دیگر مہمانوں نے سپورٹس گالا کے انتظامات میں تعاون پر ٹی ایم اے کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے