اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی کی زیر نگرانی ناپ تول کے پیمانوں کی جانچ کے لیے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس اور دکانوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی کی ہدایت پر اہلکاروں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں تجارتی مراکز اور پٹرول پمپس کا معائنہ کیا، جہاں ناپ تول کے پیمانوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی جبکہ اشیائے ضروریہ کی نرخ فہرستوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیکنگ کے دوران یہ دیکھا گیا کہ کہیں دکاندار کم تول کر شہریوں کا استحصال تو نہیں کر رہے، جبکہ پٹرول پمپس پر بھی پیمانوں کی درستگی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی گئی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اشیاء مقررہ مقدار میں فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناپ تول میں کمی کرنے والے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں بلکہ اخلاقی طور پر بھی جرم کے مرتکب ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول پمپس پر پیمانوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ شہریوں کو ان کی ادا کردہ رقم کے عوض مکمل مقدار فراہم کی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ ناجائز منافع خوری اور کم تولنے کے رجحان کا خاتمہ کیا جا سکے۔