لاہور(کیو این این ورلڈ) لاہور سیالکوٹ موٹروے پر مریدکے نارووال انٹرچینج کے قریب ایلیٹ پولیس کی گاڑی کا ٹائر پھٹنے سے سنگین حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل شہید جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار کرکٹ میچ کی خصوصی ڈیوٹی کے سلسلے میں جہلم سے لاہور جا رہے تھے کہ مریدکے نارووال انٹرچینج کے قریب گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹ گیا۔ ٹائر پھٹنے سے گاڑی بے قابو ہو گئی اور حادثہ پیش آ گیا۔حادثے میں کانسٹیبل اصغر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ تین اہلکار شدید اور دو معمولی زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ تمام زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال مریدکے منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سیکٹر کمانڈر ایس پی ندیم اشرف وڑائچ نے جائے حادثہ پر امدادی آپریشن کی نگرانی کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
موٹروے پولیس نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔