اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں سول ڈیفنس کی جانب سے ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت اور غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے، جس کے دوران گزشتہ ایک ہفتے میں 35 دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ 7 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی ضلع بھر میں کیے گئے اس کریک ڈاؤن کے دوران اوورچارجنگ میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 57 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
کارروائی کے دوران 2 غیر قانونی پٹرول پمپس اور 3 ڈبہ اسٹیشنز کو بھی سیل کر دیا گیا، جو بغیر اجازت اور حفاظتی اصولوں کے خلاف چلائے جا رہے تھے۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس کسی صورت کاروبار کے مجاز نہیں اور بغیر اجازت چلنے والے پمپس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
جاوید اختر کھچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اوورچارجنگ اور غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف انتظامیہ کا ساتھ دیں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر سول ڈیفنس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔