میرپورخاص (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار )میرپورخاص کے علاقے درگاہ لشکر کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں فصل میں داخل ہونے پر مشتعل زمیندار نے بھینس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں جانور شدید زخمی ہو گیا اور درد سے تڑپتا رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق بھینس قریبی کھیت میں داخل ہو گئی تھی جس پر زمیندار نے غصے میں آ کر سیدھی فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے کے بعد بھینس زمین پر گر گئی اور اس کی ٹانگ میں کارتوس کے چھروں کے باعث شدید زخم آئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور زخمی جانور کو بچانے کے لیے کوششیں شروع کر دیں، جبکہ فوری طبی امداد کے لیے ویٹرنری عملے سے بھی رابطہ کیا گیا تاکہ بھینس کو بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔
اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا جائزہ لیا۔ ایس ایچ او دلبر مہر اور انسپکٹر عبدالمجید گرگیج کے مطابق بھینس کی ٹانگ میں کارتوس کے چھروں کے زخم آئے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور متعلقہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اگر کسی شخص کی جانب سے جانور پر ظلم ثابت ہوا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار شخص کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بے زبان جانوروں پر اس طرح کا ظلم ناقابل برداشت ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔