فتنہ الہندوستان کا منصوبہ ناکام، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد

نوشکی (کیو این این ورلڈ)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب ہدفی آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے پانچ اہم دہشت گرد کمانڈروں کو ہلاک کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد نوشکی کے نواحی علاقے میں ایک ٹھکانے پر جمع ہو کر بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے کارروائی شروع کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا تو انہوں نے جدید خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے پانچ اہم کمانڈر ہلاک ہو گئے۔

کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے سامان میں راکٹ لانچر، بم، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات شامل ہیں۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور پولیس پر متعدد حملوں میں ملوث تھے اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرگرم تھے۔

حکام کے مطابق اس بروقت کارروائی سے ایک بڑے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں مزید کلیئرنس کارروائیاں بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے