سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو ) ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کی ہدایات پر سیالکوٹ میں غیر قانونی منی پیٹرول مشینوں اور ایل پی جی گیس ری فلنگ کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر رانا صفدر شبیر کی کارروائیوں کے دوران متعدد منی پیٹرول مشینیں ضبط جبکہ غیر قانونی کاروبار کرنے والی متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر منی پیٹرول مشینیں نصب کرکے پیٹرول فروخت کرنے اور ایل پی جی گیس ری فلنگ کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ رانا صفدر شبیر کی نگرانی میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران متعدد منی پیٹرول مشینیں ضبط کی گئیں، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر رانا صفدر شبیر کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں غیر قانونی منی پیٹرول مشینوں اور ایل پی جی گیس ری فلنگ کی دکانوں کا قیام شہریوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ایسے مقامات پر پیٹرول اور گیس کی غیر محفوظ فروخت اور ری فلنگ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، جس سے نہ صرف کاروبار کرنے والوں بلکہ اردگرد رہنے والے شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
رانا صفدر شبیر نے غیر قانونی منی پیٹرول مشینوں کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیٹرول پمپس نہیں بلکہ رہائشی علاقوں میں بم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر غیر قانونی کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ غیر قانونی منی پیٹرول مشینوں اور ایل پی جی گیس ری فلنگ کے ذریعے موت کا کاروبار نہیں چلنے دیا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کریک ڈاؤن کا مقصد غیر قانونی کاروبار کی روک تھام اور شہریوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔