رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)رینالہ خورد میں تھانہ سٹی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خطرناک نعیمی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں مالِ مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ نعیم عرف نعیمی، آصف، حسنین اور یاسر شامل ہیں، جو علاقے میں ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور پولیس کو مطلوب تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تقریباً 11 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا، جس میں 6 موٹر سائیکلیں، 5 موبائل فون، 4 پستول اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد رقم شامل ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے 12 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، جس کے بعد ان کے خلاف متعدد مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گینگ کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ برآمد شدہ سامان اصل مالکان کے حوالے کرنے کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔