اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب سٹیز پروگرام (PCP) اور پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام (PDP) پر پیشرفت بارے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید سمیت متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ ایم ڈی واسا عبدالوحید اور میونسپل کمیٹی حکام نے پی سی پی اور پی ڈی پی منصوبوں پر بریفنگ دی جبکہ متعلقہ افسران نے اوکاڑہ میڈیکل کالج اور نئی غلہ منڈی کے منصوبوں بارے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے سیوریج مسائل کے حل کے سلسلے میں زونز میں جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ کمشنر نے مفاد عامہ کے لیے پی سی پی اور پی ڈی پی کے سیوریج منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات دیے۔
کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پی سی پی اور پی ڈی پی کے منصوبے عوامی سہولیات کے آئینہ دار ہیں۔ جدید سیوریج سسٹم کی تنصیب سے شہر میں گندے پانی کی نکاسی کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوگا جبکہ دیگر منصوبوں سے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کے معیارِ زندگی میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ میڈیکل کالج کا قیام ضلع کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا اور اس منصوبے سے باصلاحیت طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اس لیے جاری شدہ فنڈز کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ نئی اور وسیع غلہ منڈی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، اس منصوبے سے زرعی اجناس کی خرید و فروخت کے لیے بہتر پلیٹ فارم میسر آئے گا اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئی غلہ منڈی کی تعمیر کے لیے حتمی پلان جلد مرتب کر کے کام شروع کیا جائے۔