اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے جی ٹی روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف سرپرائز چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔

اس سلسلے میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر مختلف بسوں اور ویگنوں کی اچانک چیکنگ کی۔ دورانِ چیکنگ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے مسافروں سے براہِ راست بات چیت کی اور ان سے کرایوں کی وصولی اور ممکنہ اوورچارجنگ سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

کارروائی کے دوران متعدد ٹرانسپورٹرز کو زائد کرایہ وصول کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ موقع پر موجود ٹرانسپورٹرز کو واضح وارننگ دی گئی کہ حکومتی نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں جرمانوں کے ساتھ گاڑیوں کی بندش بھی شامل ہے۔

سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اصل فائدہ عوام تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ کے خاتمے کے لیے جی ٹی روڈ سمیت تمام روٹس پر روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ مسافروں کو سفر کے دوران کسی قسم کے استحصال کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مقررہ کرایوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

کیو این این ورلڈ — مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے