عیدالاضحیٰ کے بعد چربی اور آلائشوں سے آئل تیار کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار سید محمد عبداللہ مجاہد) عیدالاضحیٰ کے فوری بعد پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چربی اور آلائشوں سے آئل تیار کرنے کے مبینہ مکروہ دھندے کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران 320 کلو گرام چربی اور آلائشیں قبضے میں لے کر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے ننکانہ صاحب کے نواحی علاقے وکیل والا گاؤں میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 2 ڈرموں اور ایک ٹین میں موجود مجموعی طور پر 320 کلو گرام چربی اور آلائشیں برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق موقع پر موجود ملزمان بابر اور بلال کے خلاف جعلسازی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس کاروبار کے دیگر ممکنہ رابطوں اور سرگرمیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔

ترجمان نے بتایا کہ چربی سے تیار کیے جانے والے آئل کے حوالے سے لازمی ریکارڈ، کیمیکل میتھانل ڈائی اور دیگر ضروری دستاویزات موقع پر موجود نہیں تھیں، جس سے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ثابت ہوئی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق چربی سے حاصل ہونے والے آئل کو صرف صابن سازی یا بائیو ڈیزل کی تیاری میں استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے، جبکہ خوراک یا دیگر غیر مجاز مقاصد کے لیے اس کا استعمال قانوناً ممنوع ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں مسلسل چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء تیار کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔

کیو این این ورلڈ — مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے