قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ڈی سی احمد عثمان جاوید

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) اوکاڑہ میں معرکۂ حق اور مشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

ریلی کا آغاز ڈی سی آفس سے ہوا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کی۔ ریلی میں ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ، تینوں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، مختلف محکموں کے افسران، انجمن تاجران کے نمائندوں، طلبہ، سماجی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر شہریوں کا جمِ غفیر پاک افواج کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ریلی میں شریک ہوا اور شہر کی فضا “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم الشان ریلی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اوکاڑہ کے عوام اپنے محافظوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشن بنیان المرصوص میں بھارت کو تاریخی شکست ہوئی جبکہ معرکۂ حق ہمیں حق کی فتح اور باطل کی ناکامی کا یقین دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کی عظمت، قربانیوں اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ جیت کی خوشی منانے کے لیے ضلع بھر میں مسلسل تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ قوم اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ملک بھر کی طرح اوکاڑہ میں بھی سکولوں، کالجوں اور مختلف سرکاری محکموں میں یومِ فتح اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کی تقریبات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے ہر محاذ پر وطنِ عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا ہے اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑی ہے۔

ریلی شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ٹینک چوک پہنچی جہاں یہ پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوگئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے