میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ) میہڑ اور اس کے نواحی علاقوں میں پیش آنے والے دو مختلف افسوسناک واقعات میں ایک جانب رکشا اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے جبکہ دوسری جانب سات سالہ معصوم بچی پانی کے گڑھے میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق میہڑ کے قاضی عارف لنک روڈ پر سید جو گوٹھ کے قریب رکشا اور موٹرسائیکل کے درمیان زبردست تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں قاضی عارف کے رہائشی سگے بھائی راجا زین العابدین ملاح اور بلاول ملاح شامل ہیں جو موٹرسائیکل پر سوار تھے، جبکہ رکشا ڈرائیور مشرف چانڈیو سکنہ فرید آباد بھی زخمی ہوا۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے انہیں لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔
ادھر اے سیکشن پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی اور رکشا ڈرائیور کو حراست میں لے کر لاک اپ منتقل کر دیا۔
دوسری جانب میہڑ کے نواحی علاقے فرید آباد تھانے کی حدود میں واقع گاؤں علی شیر واہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سات سالہ معصوم بچی سبہاگی دختر یعقوب چانڈیو پانی کے گڑھے میں ڈوب گئی۔
گاؤں کے لوگوں نے بچی کو فوری طور پر پانی سے نکال کر بے ہوشی کی حالت میں تحصیل ہسپتال میہڑ پہنچایا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اس کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ لاش گھر پہنچتے ہی اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔ مقامی افراد نے معصوم بچی کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔