جمرود پولیس کی کارروائی، ایکسٹیسی گولیاں فروخت کرنے والا ملزم دھر لیا گیا

خیبر (کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران جمرود پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایکسٹیسی گولیاں فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق انچارج اختر منیر شہید چوکی افسر خان نے پولیس نفری کے ہمراہ جمرود بازار میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران ملزم شاہ سوار کو گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 350 عدد ایکسٹیسی (نشہ آور) گولیاں برآمد ہوئیں، جنہیں پولیس نے تحویل میں لے لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کی سپلائی کے نیٹ ورک اور دیگر ملوث افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کہا ہے کہ معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ضلع بھر میں کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے