آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ مکمل، کئی حلقوں میں ہنگامے اور پولنگ متاثر

مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026ء کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی ہے۔ ووٹرز کی غیرمعمولی دلچسپی کے باعث الیکشن کمیشن نے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کرتے ہوئے شام 6 بجے تک ووٹ ڈالنے کی اجازت دی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں قائم 1483 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی، تاہم بعض حلقوں میں تصادم، فائرنگ، موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث پولنگ متاثر ہوئی۔ حلقہ ایل اے 31 میں سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ حلقہ کھاوڑہ میں رکن قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور پولنگ عملے کے نہ پہنچنے کے باعث حلقہ ایل اے 27 کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے، جبکہ حلقہ ایل اے 28 مظفرآباد 2 لچھراٹ کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر بھی پولنگ ملتوی یا متاثر رہی۔

وادی نیلم کے علاقے اٹھمقام میں ووٹ ڈال کر واپس آنے والی ایک گاڑی بجلی کی تار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 7 خواتین اور ایک ڈرائیور شامل ہے۔ تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

انتخابات کے دوران سیاسی کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی۔ صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے مختلف حلقوں میں دھاندلی اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو شکایتی خطوط ارسال کیے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی دباؤ میں آئے بغیر قانون کے مطابق فیصلے کرے گا اور تمام شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔

آزاد کشمیر کے دوسرے مرحلے کے انتخابات میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔ پولنگ کے اختتام کے بعد تمام حلقوں میں نتائج مرتب کرنے کا عمل جاری ہے اور ابتدائی غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے