آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ، 21 نشستوں پر پولنگ جاری,12 لاکھ سے زائد ووٹرز آج حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، آزاد کشمیر کے 21 حلقوں میں انتخابی معرکہ
مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جنرل نشستوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں پر ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کاسٹ کریں گے، جبکہ انتخابی عمل کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار میدان میں ہیں، جہاں ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 9 ہزار 621 ہے۔ دوسری جانب مہاجرین کشمیر کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار ایک دوسرے کے مدِمقابل ہیں۔ انتخابی سرگرمیوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے اور ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کر رہی ہے۔
انتخابی عمل کے لیے مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 1483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ انتخابات کو پرامن اور شفاف بنایا جا سکے۔
الیکشن حکام کے مطابق حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان حلقوں میں اہم سیاسی شخصیات کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت متعدد اہم رہنما انتخابی میدان میں موجود ہیں، جس کے باعث ان حلقوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔
ادھر راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کشمیر کی تین نشستوں پر بھی پولنگ جاری ہے جہاں 27 ہزار 907 ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان نشستوں پر 35 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔ انتخابی عمل کی نگرانی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 175 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 31 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی مہاجرین کشمیر کے حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی VI کے لیے 21 اضلاع میں قائم 41 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ اس حلقے میں 7 ہزار 655 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے نمائندے کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق پولنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا اور تمام حلقوں کے غیر سرکاری نتائج پولنگ ختم ہونے کے تقریباً دو گھنٹے بعد موصول ہونا شروع ہو جائیں گے۔
آزاد کشمیر کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کو خطے کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتیں اپنی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔ انتخابی نتائج آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔