کندھ کوٹ میں چوری کی واردات، دکاندار کا قیمتی سامان اور نقدی چوری

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار وقاراحمد اعوان) کندھ کوٹ شہر اور اس کے گردونواح میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ تھانہ سی سیکشن کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم دکھائی دے رہے ہیں اور پولیس جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

گزشتہ شب خیر شاہ روڈ پر امام بخش لاڑو کے مقام پر نامعلوم چوروں نے ایک دکان کو نشانہ بنایا۔ متاثرہ دکاندار الاہی بخش کھوسہ کے مطابق ملزمان رات کی تاریکی میں دکان کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود یو پی ایس بیٹری، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہوگئے۔ واردات کے بعد ملزمان باآسانی موقع سے نکلنے میں کامیاب رہے۔

متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ چوری کے نتیجے میں اسے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دے دی گئی تھی، تاہم آخری اطلاعات تک نہ تو مقدمہ درج کیا گیا تھا اور نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

دوسری جانب متاثرین اور علاقہ مکینوں نے شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر بلا خوف و خطر سرگرم ہیں، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

شہریوں نے ایس ایس پی کشمور اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے چوری شدہ سامان برآمد کیا جائے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے