ٹھٹھہ: (کیو این این ورلڈ / بلاول سموں کی رپورٹ) اندرون سندھ کے علاقے ٹھٹھہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 12 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر قینچی کے وار کر کے اپنے ہی والد کی جان لے لی۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ دلخراش واقعہ ٹھٹھہ کے علاقے گھارو میں پیش آیا، جہاں سرزنش کرنے پر 12 سالہ لڑکے نے مشتعل ہو کر اپنے باپ پر مبینہ طور پر قینچی سے حملہ کر دیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بیٹے کے مفاجاتی حملے کے بعد 58 سالہ والد عزیز شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ واردات کے بعد ملزم لڑکا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
واقعے کے حوالے سے مقتول کے بھائیوں نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مخالفین نے 12 سالہ بچے کی ذہن سازی کی اور اسے اپنے ہی والد کو قتل کرنے پر اکسایا، جس کے تحت اس قتل کی منظم سازش تیار کی گئی۔
دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور معاملے کی مختلف پہلوؤں سے گہرائی میں تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتش مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات، محرکات اور حقائق سامنے آسکیں گے۔